اردن کے شاہ عبداللہ دوم بن الحسین کی دعوت پر وزیر اعظم جناب نریندر مودی 15-16 دسمبر- 2025 کو اردن کا دورہ کریں گے۔ دورے کے دوران وزیر اعظم ہندوستان اور اردن کے درمیان تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے اور علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے شاہ عبداللہ دوم بن الحسین سے بات چیت کریں گے۔ یہ دورہ، دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر ہندوستان-اردن دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے، مشترکہ ترقی اور خوشحالی کے نئے مواقع تلاش کرنے اور علاقائی امن، خوشحالی، سلامتی اور استحکام کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
دورے کے دوسرے مرحلہ میں وزیر اعظم جناب نریندر مودی ایتھوپیا کے وزیر اعظم عزت مآب ڈاکٹر ابی احمد علی کی دعوت پر 16-17 دسمبر- 2025 کو ایتھوپیا کا دورہ کریں گے۔ یہ وزیر اعظم مودی کا ایتھوپیا کا پہلا دورہ ہوگا۔ وزیر اعظم مودی وزیر اعظم ڈاکٹر ابی احمد علی کے ساتھ ہندوستان-ایتھوپیا دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر وسیع تبادلہ خیال کریں گے۔ گلوبل ساؤتھ میں شراکت داروں کے طور پر یہ دورہ دونوں ممالک کی اپنی دوستی اور دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کرے گا۔
دورہ کے آخری مرحلے میں وزیر اعظم جناب نریندر مودی عمان کے سلطان عزت مآب ہیثم بن طارق کی دعوت پر 17-18 دسمبر 2025 کو عمان کا دورہ کریں گے۔ وزیر اعظم مودی کا عمان کا یہ دوسرا دورہ ہوگا۔ ہندوستان اور عمان کے درمیان ایک جامع اسٹریٹجک شراکت داری ہے، جس کی بنیاد صدیوں پرانی دوستی، تجارتی تعلقات اور عوام کے درمیان مضبوط تعلقات پر استوار ہیں۔ وزیر اعظم کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر ہے اور دسمبر- 2023 میں عمان کے سلطان کے ہندوستان کے سرکاری دورے کے بعد ہے۔ یہ دورہ دونوں فریقین کو دو طرفہ شراکت کا جامع جائزہ لینے کا موقع فراہم کرے گا، جس میں تجارت، دفاع، ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری، توانائی کے تبادلے کے شعبوں میں دو طرفہ شراکت داری کا جائزہ لینے اور علاقائی اور عالمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔




