روزگار میلے نوجوانوں کو بااختیار بنا رہے ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو بر وئے کار لا رہے ہیں، نئے شامل ہونے والوں کے تئیں نیک خواہشات: وزیر اعظم
آج بھارت کے نوجوان نئے اعتماد سے پر ہیں، ہر شعبے میں کامیاب ہو رہے ہیں: وزیر اعظم
نئے بھارت کی تعمیر کے لیے ملک دہائیوں سے جدید تعلیمی نظام کی ضرورت محسوس کر رہا تھا، قومی تعلیمی پالیسی کے ذریعے ملک اب اس سمت میں آگے بڑھا ہے: وزیر اعظم
آج ہماری حکومت کی پالیسیوں اور فیصلوں کی وجہ سے دیہی بھارت میں بھی روزگار اور خود روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں،بڑی تعداد میں نوجوانوں کو زراعت کے شعبے میں روزگار ملا ہے، انہیں اپنی پسند کا کام کرنے کا موقع ملا ہے: پی ایم

نمسکار!

مرکزی کابینہ میں میرے ساتھی، ملک کے کونے کونے میں موجود دیگر معززین اور میرے نوجوان دوست۔میں ابھی کل رات کویت سے واپس آیا ہوں… وہاں میں نے ہندوستانی نوجوانوں اور پیشہ ور افراد کے ساتھ ایک طویل ملاقات کی اور کافی بات چیت کی۔ اب یہاں آنے کے بعد میرا پہلا پروگرام ملک کے نوجوانوں کے ساتھ ہو رہا ہے۔ یہ بہت خوش کن اتفاق ہے۔ آج ملک کے ہزاروں نوجوانوں کے لیے، آپ سب کے لیے زندگی کی ایک نئی شروعات ہو رہی ہے۔ آپ کا برسوں کا خواب پورا ہوا ہے،  برسوں کی محنت رنگ لائی ہے۔ 2024 کا یہ گزرتا ہوا سال آپ کو اور آپ کے اہل خانہ نئی خوشیاں دے کر جا رہا  ہے۔ میں آپ تمام نوجوانوں اور آپ کے اہل خانہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

ساتھیوں،

ہندوستان کے نوجوانوں کی اہلیت اور صلاحیتوں کا بھرپور استعمال ہماری حکومت کی سب سے بڑی ترجیح ہے۔ ہم روزگار میلوں کے ذریعے اس سمت میں مسلسل کام کر رہے ہیں۔ گزشتہ 10 برسوں  سے حکومت کی مختلف وزارتوں، محکموں اور اداروں میں سرکاری ملازمتیں فراہم کرنے کی مہم جاری ہے۔ آج بھی 71 ہزار سے زائد نوجوانوں کو تقرر نامے سونپے گئے ہیں۔ صرف پچھلے ڈیڑھ سال میں ہماری حکومت نے تقریباً 10 لاکھ نوجوانوں کو مستقل سرکاری نوکریاں دی ہیں۔ یہ اپنے آپ میں ایک بڑا ریکارڈ ہے۔ کسی بھی پچھلی حکومت کے دوران نوجوانوں کو حکومت ہند میں اس طرح کے مشن موڈ میں مستقل ملازمتیں نہیں ملی ہیں،  لیکن آج ملک میں نہ صرف لاکھوں نوجوانوں کو سرکاری نوکریاں مل رہی ہیں بلکہ یہ نوکریاں پوری ایمانداری اور شفافیت کے ساتھ دی جارہی ہیں۔ مجھے خوشی ہے کہ اس شفاف روایت سے آنے والے نوجوان بھی پوری لگن اور ایمانداری کے ساتھ قوم کی خدمت میں مصروف ہو رہے ہیں۔

 

ساتھیوں،

کسی بھی ملک کی ترقی اس کے نوجوانوں کی محنت، صلاحیت اور قیادت سے ہوتی ہے۔ ہندوستان نے 2047 تک ایک ترقی یافتہ ہندوستان بنانے کا عہد کیا ہے۔ ہمیں اس عزم پر یقین ہے اور ہم اس مقصد کے حصول کے لیے پراعتماد ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ہندوستان کے باصلاحیت نوجوان ہندوستان کی ہر پالیسی اور ہر فیصلے کے مرکز میں ہوتے ہیں۔ آپ پچھلی دہائی کی پالیسیوں کو دیکھیں، میک ان انڈیا، آتم نربھر بھارت ابھیان، اسٹارٹ اپ انڈیا، اسٹینڈ اپ انڈیا، ڈیجیٹل انڈیا، ایسی ہر اسکیم نوجوانوں کو مرکز میں رکھ کر بنائی گئی ہے۔ ہندوستان نے اپنے خلائی شعبے میں پالیسیاں بدلیں، ہندوستان نے اپنے دفاعی شعبے میں مینوفیکچرنگ کو فروغ دیا اور ہندوستان کے نوجوانوں کو اس کا سب سے زیادہ فائدہ ہوا۔ آج ہندوستان کے نوجوان نئے اعتماد سے لبریز ہیں۔ وہ ہر شعبے میں پیش پیش ہیں۔ آج ہم دنیا کی 5ویں بڑی معیشت بن چکے ہیں۔ ہندوستان دنیا کا تیسرا سب سے بڑا اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم بن گیا ہے۔ آج، جب ایک نوجوان اپنا اسٹارٹ اپ شروع کرنے کا فیصلہ کرتا ہے، تو اسے اس کی حمایت کے لئے ایک مکمل ماحولیاتی نظام ملتا ہے۔ آج جب کوئی نوجوان کھیلوں میں اپنا کیرئیر بنانے کا ارادہ رکھتا ہے تو اسے یہ اعتماد ہوتا ہے کہ وہ ناکام نہیں ہوگا۔ آج تربیت سے لے کر کھیلوں کے ٹورنامنٹس تک ہر قدم پر نوجوانوں کے لیے جدید انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ آج ہم بہت سے شعبوں میں یکسر تبدیلی دیکھ رہے ہیں۔ آج ہندوستان موبائل مینوفیکچرنگ میں دنیا کا دوسرا بڑا ملک بن گیا ہے۔ آج قابل تجدید توانائی سے لے کر آرگینک فارمنگ تک، خلائی شعبے سے لے کر دفاعی شعبے تک، سیاحت سے لے کر فلاح و بہبود تک، ہر شعبے میں ملک نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے اور نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔

ساتھیوں،

ملک کو آگے لے جانے کے لیے ہمیں نوجوان صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کی ضرورت ہے۔ یہ ذمہ داری ملک کے تعلیمی نظام پر منحصر ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کئی دہائیوں سے ملک ایک نئے ہندوستان کی تعمیر کے لیے جدید تعلیمی نظام کی ضرورت محسوس کر رہا تھا۔ قومی تعلیمی پالیسی کے ذریعے ملک اب اس سمت میں پیش قدمی کر چکا ہے۔ تعلیمی نظام جو پہلے پابندیوں کی وجہ سے طلباء پر بوجھ ہوا کرتا تھا، اب انہیں نئے متبادل فراہم کر رہا ہے۔ اٹل ٹنکرنگ لیبز اور جدید پی ایم شری اسکولوں کے ذریعے بچپن سے ہی اختراعی ذہنیت کی تشکیل کی جارہی ہے۔ پہلے دیہی نوجوانوں، دلت، پسماندہ اور قبائلی طبقوں کے نوجوانوں کے لیے زبان ایک بڑی دیوار بن جاتی تھی۔ ہم نے مادری زبان میں پڑھائی اور امتحانات کی پالیسی بنائی۔ آج ہماری حکومت نوجوانوں کو 13 زبانوں میں بھرتی کے امتحانات دینے کا اختیار دے رہی ہے۔ سرحدی اضلاع کے نوجوانوں کو زیادہ مواقع دینے کے لیے ہم نے ان کے کوٹے میں اضافہ کیا ہے۔ سرحدی علاقوں کے نوجوانوں کو مستقل سرکاری ملازمتیں فراہم کرنے کے لیے آج خصوصی بھرتی ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔ آج ہی 50 ہزار سے زیادہ نوجوانوں کو سنٹرل آرمڈ پولیس فورس میں بھرتی کے لیے تقرر نامے موصول ہوئے ہیں۔ میں خاص طور پر ان تمام نوجوانوں کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔

ساتھیوں،

آج چودھری چرن سنگھ جی کا یوم پیدائش بھی ہے۔ یہ ہماری حکومت کی خوش قسمتی ہے کہ ہمیں اس سال چودھری صاحب کو بھارت رتن سے نوازنے کا موقع ملا۔ میں انہیں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ ہم آج کا دن کسانوں کے دن کے طور پر مناتے ہیں۔ اس موقع پر میں ملک کے تمام کسانوں خوراک کو سلام کرتا ہوں۔

 

ساتھیوں،

چودھری صاحب کہتے تھے کہ ہندوستان کی ترقی اسی وقت ممکن ہوگی ،جب ہندوستان کے دیہی علاقے ترقی کریں گے۔ آج ہماری حکومت کی پالیسیوں اور فیصلوں کی وجہ سے دیہی ہندوستان میں بھی روزگار اور خود روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ زراعت کے شعبے میں نوجوانوں کی بڑی تعداد کو روزگار ملا ہے، انہیں اپنی پسند کا کام کرنے کا موقع ملا ہے۔ جب حکومت نے گوبردھن اسکیم کے تحت ملک میں سینکڑوں گوبر گیس پلانٹ بنائے تو اس سے نہ صرف بجلی پیدا ہوئی، بلکہ ہزاروں نوجوانوں کو روزگار بھی ملا۔ جب حکومت نے ملک کی سینکڑوں زرعی منڈیوں کو ای-نیم اسکیم سے جوڑنے کا کام شروع کیا تو اس سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے بہت سے نئے مواقع بھی پیدا ہوئے۔ جب حکومت نے ایتھنول کے آمیزش  کو 20 فیصد تک بڑھانے کا فیصلہ کیا، تو اس سے نہ صرف کسانوں کی مدد ہوئی بلکہ چینی کے شعبے میں روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوئے۔ جب ہم نے تقریباً 9 ہزار فارمر پروڈکٹ آرگنائزیشنز اور ایف پی اوز بنائے تو اس سے کسانوں کو نئی منڈیاں بنانے میں مدد ملی اور دیہی علاقوں میں روزگار کے مواقع بھی ملے ۔ آج حکومت خوراک کو ذخیرہ کرنے کے لئے ہزاروں گودام بنانے کی دنیا کی سب سے بڑی اسکیم چلا رہی ہے۔ ان گوداموں کی تعمیر سے بڑی تعداد میں روزگار اور خود روزگار کے مواقع بھی ملیں  گے۔ ابھی کچھ دن پہلے ہی حکومت نے بیمہ سخی اسکیم شروع کی ہے۔ حکومت کا مقصد ملک کے ہر شہری کو انشورنس کے تحفظ سے جوڑنا ہے۔ اس سے دیہی علاقوں میں بڑی تعداد میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ ڈرون دیدی ابھیان ہو، لکھپتی دیدی ابھیان ہو، بینک سخی یوجنا ہو، یہ تمام کوششیں ہمارے زرعی شعبے اور ہمارے دیہی علاقوں میں روزگار کے بے شمار نئے مواقع پیدا کر رہی ہیں۔

ساتھیوں،

آج ہزاروں بیٹیوں کو بھی تقرر نامے دیئے گئے ہیں۔ آپ کی کامیابی دوسری خواتین کو متاثر کرے گی۔ ہماری کوشش ہے کہ خواتین ہر شعبے میں خود کفیل بنیں۔ حاملہ خواتین کو 26 ہفتوں کی چھٹی دینے کے ہمارے فیصلے نے لاکھوں بیٹیوں کے کیریئر کو بچایا ہے، ان کے خوابوں کو چکنا چور ہونے سے روکا ہے۔ ہماری حکومت نے ہر اس رکاوٹ کو دور کرنے کی کوشش کی ہے، جو خواتین  کی ترقی میں حائل  ہوتی ہے۔ آزادی کے بعد کئی برسوں تک اسکولوں میں علیحدہ بیت الخلاء نہ ہونے کی وجہ سے متعدد طالبات اپنی پڑھائی چھوڑ دیتی تھیں۔ ہم نے اس مسئلہ کو سوچھ بھارت ابھیان کے ذریعے حل کیا۔ سوکنیا سمردھی یوجنا نے اس بات کو یقینی بنایا کہ لڑکیوں کو اپنی تعلیم میں مالی مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ہماری حکومت نے 30 کروڑ خواتین کے جن دھن کھاتے کھولے، جس کی وجہ سے انہیں سرکاری اسکیموں کا براہ راست فائدہ ملنے لگا۔ خواتین کو مدرا یوجنا کے تحت بغیر گارنٹی کے قرض ملنا شروع ہو گئے۔ خواتین پورے گھر کو سنبھالتی تھیں، لیکن جائیداد ان کے نام  پرنہیں ہوتی تھی۔ آج پی ایم آواس یوجنا کے تحت دستیاب زیادہ تر مکان خواتین کے نام پر ہیں۔ خواتین کو غذائیت کی مہم، محفوظ زچگی سے متعلق مہم اور آیوشمان بھارت کے ذریعے صحت کی بہتر سہولیات مل رہی ہیں۔ ہماری حکومت میں خواتین کو ناری شکتی وندن ایکٹ کے ذریعے قانون ساز اسمبلی اور لوک سبھا میں ریزرویشن ملا ہے۔ آج ہمارا معاشرہ، ہمارا ملک خواتین کی قیادت میں ترقی کی سمت تیزی سے گامزن ہے۔

 

ساتھیوں،

آج جن نوجوان دوستوں کو تقررنامے ملے ہیں، وہ ایک نئی طرز کے حکومتی نظام کا حصہ بننے جا رہے ہیں۔ سرکاری دفاتر اور سرکاری کام کی پرانی شبیہ بنی ہوئی تھی،  گزشتہ 10 برسوں میں بڑی تبدیلی آئی ہے۔ آج سرکاری ملازمین میں زیادہ کارکردگی نظر آتی ہے۔ سرکاری ملازمین نے اپنی لگن اور محنت سے یہ کامیابی حاصل کی ہے۔ آپ بھی اس مقام تک اس لئے پہنچے ہیں،  کیونکہ آپ میں سیکھنے کا جذبہ اور آگے بڑھنے  کی صلاحیت ہے۔ آپ کو مستقبل میں بھی اس طرز عمل کو برقرار رکھنا چاہیے۔آپ کو سیکھتے رہنے میں آئی گاٹ کرم یوگی، اس سے بہت مدد ملے گی۔  آئی گاٹ میں آپ کے لیے 1600 سے زیادہ مختلف قسم کے کورسز دستیاب ہیں۔ اس کے ذریعے آپ بہت کم وقت میں اور مؤثر انداز میں مختلف مضامین کے کورسز مکمل کر سکتے ہیں۔ آپ نوجوان ہیں، آپ ملک کی طاقت ہیں اور ایسا کوئی ہدف نہیں جو ہمارے نوجوان حاصل نہ کر سکیں۔ آپ کو نئی توانائی کے ساتھ نئے سرے سے آغاز کرنا ہوگا۔ میں ایک بار پھر ان نوجوانوں کو مبارکباد دیتا ہوں جنہیں آج تقرر نامے سونپے گئے ہیں۔ آپ کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات۔

آپ کا بہت بہت شکریہ۔

 

Explore More
شری رام جنم بھومی مندر دھوجاروہن اتسو کے دوران وزیر اعظم کی تقریر کا متن

Popular Speeches

شری رام جنم بھومی مندر دھوجاروہن اتسو کے دوران وزیر اعظم کی تقریر کا متن
Khichdi To Moringa Paratha: 7 Traditional Foods PM Modi Loves

Media Coverage

Khichdi To Moringa Paratha: 7 Traditional Foods PM Modi Loves
NM on the go

Nm on the go

Always be the first to hear from the PM. Get the App Now!
...
وزیرِ اعظم 27 اگست کو کھیلو انڈیا مکالمے میں نوجوانوں سے خطاب کریں گے
August 26, 2026
کھیلو انڈیا مکالمہ: کھیل، نوجوانوں کی قیادت، شہری ذمہ داری، رضاکارانہ خدمت، جسمانی تندرستی اور قوم کی تعمیر کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر یکجا کرے گا
کھیلو انڈیا مکالمے کے تحت یوا سموا د پانچ اہم موضوعات پر توجہ مرکوز کرے گا: کھیل، اولمپکس میں کامیابی کی امنگیں، نوجوانوں کی قیادت، ترقی یافتہ بھارت اور منشیات سے پاک نوجوان

وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی 27 اگست کو صبح 11 بجے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے کھیلو انڈیا مکالمے سے خطاب کریں گے۔ اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو بھارت کے کھیلوں کے سفر سے وابستہ ہونے، اپنی امنگوں کا اظہار کرنے اور نوجوانوں کی قیادت میں ایک مضبوط ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر کے لیے اپنی تجاویز پیش کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

میرا یوا بھارت (ایم وائی بھارت) کی جانب سے قومی یومِ کھیل 2026 کی تقریبات کے ایک حصے کے طور پر منعقد ہونے والا یہ پروگرام ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کے ہر ضلع کے دو کالجوں میں نوجوانوں کی شرکت کے ساتھ ملک بھر میں منعقد کیا جائے گا۔ یہ پروگرام وزیرِ اعظم کے اس تصور کے مطابق منعقد کیا جا رہا ہے جس کا مقصد ایک صحت مند، نظم و ضبط کا پابند اور کھیلوں سے وابستہ ملک کی تعمیر کرنا ہے، جبکہ قومی ترقی کے ایجنڈے کے مرکز میں نوجوانوں کی امنگوں کو جگہ دینا ہے۔

ملک گیر کھیلو انڈیا مکالمہ کھیل، نوجوانوں کی قیادت، شہری ذمہ داری، رضاکارانہ خدمت، جسمانی تندرستی اور قوم کی تعمیر کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر یکجا کرے گا۔ یہ نوجوانوں کو ملک کے کھیلوں سے متعلق عزائم کے ساتھ براہِ راست جڑنے کا موقع فراہم کرے گا، جبکہ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ ان کی تجاویز اور نقطۂ نظر بھارت کے نوجوانوں اور کھیلوں کے نظام سے متعلق جاری گفتگو کا حصہ بنیں۔

قومی پروگرام کے بعد مقامی سطح پر ایسے پروگرام منعقد کیے جائیں گے جن میں نوجوان شرکاء، میرا یوا بھارت کے رضاکار، مقامی کھلاڑی اور عوامی نمائندے حصہ لیں گے۔ اس پہل کی ایک اہم خصوصیت کھیلوں میں دلچسپی رکھنے والے نوجوانوں اور بھارت کے سرکردہ کھلاڑیوں اور تمغہ جیتنے والوں کے درمیان براہِ راست تبادلۂ خیال ہوگا۔ پروگرام کا ایک مرکزی حصہ یوا سمواد ہوگا، جس میں نوجوان شرکاء کو اپنے خیالات، نقطۂ نظر اور امنگوں کا اظہار کرنے کی دعوت دی جائے گی۔ یہ مکالمہ پانچ موضوعات کے گرد ترتیب دیا جائے گا:

بہتر سہولیات، کوچنگ، کھیلوں کی سائنس اور سب کی شمولیت کے ذریعے بھارت کے کھیلوں کے نظام کو بہتر بنانا؛
سائنسی بنیادوں پر صلاحیتوں کی شناخت، شفاف انتخاب اور کھلاڑیوں کی طویل مدتی ترقی کے ذریعے 2036 کے اولمپکس کے لیے صلاحیتوں کو پروان چڑھانا؛
حکمرانی کے پلیٹ فارموں اور میرا یوا بھارت کی قیادت میں رضاکارانہ خدمات کے ذریعے نوجوانوں میں قائدانہ صلاحیتیں پیدا کرنا؛
شہری شعور، مستقبل کے لیے درکار مہارتوں اور منظم رضاکارانہ خدمات کو فروغ دے کر نوجوانوں کو ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر کے لیے بااختیار بنانا؛
کھیلوں اور ہم عمر افراد کے باہمی رابطوں کے ذریعے منشیات کے استعمال کے خلاف جدوجہد کے لیے منشیات سے پاک نوجوان تحریک کو فروغ دینا، جسے وزیرِ اعظم کی جانب سے 2 اگست 2026 کو شروع کی گئی ملک گیر 100 ہفتوں کی مہم کے تحت ہر ہفتے کی جن بھاگیداری سرگرمیوں کے ذریعے مزید تقویت دی جائے گی۔