ابھیدھم دھم میں موجود ہے، دھم کے جوہر کوسمجھنے کے لیے پالی زبان کا علم ضروری ہے: وزیر اعظم
زبان صرف رابطے کا ذریعہ نہیں، زبان تہذیب و ثقافت کی روح ہے: وزیراعظم
ہر قوم اپنے ورثے کو اپنی شناخت کے ساتھ جوڑتی ہے، بدقسمتی سے ہندوستان اس سمت میں بہت پیچھے رہ گیا تھا، لیکن ملک اب بڑے بڑے فیصلے لیتے ہوئے احساس کمتری سے آزاد ہوکر آگے بڑھ رہا ہے: وزیراعظم
جب سے ملک کے نوجوانوں کو نئی تعلیمی پالیسی کے تحت اپنی مادری زبان میں تعلیم حاصل کرنے کا اختیار ملا ہے، زبانیں زیادہ مضبوط ہو رہی ہیں: وزیراعظم
آج ہندوستان تیز رفتار ترقی اور مالا مال ورثے ،دونوں مقاصد کو بیک وقت پورا کرنے میں مصروف ہے: وزیر اعظم
بھگوان بدھ کی وراثت کی نشاۃ ثانیہ میں، ہندوستان اپنی ثقافت اور تہذیب کو نئے سرے سے دریافت کر رہا ہے: وزیر اعظم
بھارت نے عالمی جنگ نہیں، بلکہ مہاتما بدھ کودیا ہے
آج ابھیدھم پرو کے موقع پر، میں پوری دنیا سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ جنگ میں نہیں بلکہ بھگوان بدھ کی تعلیمات سے حل تلاش کریں، جس سے امن کی راہ ہموار ہوتی ہے: وزیر اعظم
بھگوان بدھ کا سب کے لیے خوشحالی کا پیغام انسانیت کے لیے راستہ ہے: وزیر اعظم
بھگوان بدھ کی تعلیمات اس روڈ میپ میں ہماری رہنمائی کریں گی، جو ہندوستان نے اپنی ترقی کے لیے بنایا ہے: وزیر اعظم
بھگوان بدھ کی تعلیمات ‘مشن لائف’ کے مرکز میں ہیں، پائیدار مستقبل کا راستہ ہر شخص کے پائیدار طرز زندگی سے نکلے گا: وزیراعظم
ہندوستان ترقی کی طرف بڑھ رہا ہے اور اپنی جڑیں بھی مضبوط کر رہا ہے، ہندوستان کے نوجوانوں کو نہ صرف سائنس اور ٹیکنالوجی میں دنیا کی قیادت کرنی چاہئے بلکہ اپنی ثقافت اور اقدار پر بھی فخر کرنا چاہئے: وزیر اعظم

نمو بدھائے!

وزیر ثقافت جناب گجیندر سنگھ شیخاوت جی، اقلیتی امور کے وزیر جناب کرن رجیجو جی، بھنتے بھدنت راہل بودھی مہاتھیرو جی، قابل احترام چانگچپ چھودین جی، مہاسنگھ کے تمام معزز اراکین، معززین، سفارتی برادری کے اراکین، بدھ مت کے اسکالرز، دھّم کے پیروکار، خواتین و حضرات۔

آج ایک بار پھر مجھے بین الاقوامی ابھیدھم  دیوس کے پروگرام میں شرکت کا شرف حاصل ہوا ہے۔ ابھیدھم  دیوس ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمدردی اور خیر سگالی کے ذریعے ہی ہم دنیا کو ایک بہتر جگہ بنا سکتے ہیں۔ اس سے قبل 2021 میں کشی نگر میں اسی طرح کی ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔ مجھے وہاں بھی اس تقریب میں شرکت کا شرف حاصل ہواتھا اور یہ میری خوش قسمتی ہے کہ بھگوان بدھ کے ساتھ  کے جڑاؤ  کا سفر جو میری پیدائش سے شروع ہوا تھا، مسلسل جاری ہے۔ میں گجرات کے وڈ نگر میں پیدا ہوا تھا جو کبھی بدھ مت کا بہت بڑا مرکز ہوا کرتا تھا۔ ان تحریکات میں نشو ونما  پاتے ہوئے ، میں  بھگوان بدھ کے دھم اور تعلیمات کو پھیلانے کے بہت سے تجربات حاصل کر رہا ہوں۔

 

 

پچھلے 10 سالوں میں، ہندوستان میں بدھ مت کے تاریخی مقامات سے لے کر دنیا کے مختلف ممالک میں، نیپال میں بھگوان بدھا کی جائے پیدائش پر جانے سے لے کر، منگولیا میں ان کے مجسمے کی نقاب کشائی سے لے کر سری لنکا میں ویشاکھ کی تقریبات تک مجھے کتنی ہی مقدس تقاریب میں شرکت کا موقع ملا۔ میرا ماننا ہے کہ سنگھ اور سادھکوں کا یہ سنگ بھگوان بدھ کی مہربانی کا نتیجہ ہے۔ آج، یوم ابھیدھم کے اس موقع پر، میں آپ سب کو اور بھگوان بدھ کے تمام پیروکاروں کو بہت بہت  نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔ آج شرد پورنیما کا مقدس تہوار بھی ہے۔ آج ہندوستانی شعور کے عظیم رشی  والمیکی جی کا یوم پیدائش بھی ہے۔ میں شرد پورنیما اور والمیکی جینتی پر تمام ہم وطنوں کو بھی مبارکباد دیتا ہوں۔

محترم دوستو،

اس سال یوم ابھیدھم منانے کے ساتھ ساتھ اس سے ایک تاریخی کارنامہ بھی وابستہ ہے۔ بھگوان بدھ کی ابھیدھم، ان کی تقریر، ان کی تعلیمات... پالی زبان جس میں دنیا کو یہ ورثہ ملا ہے، اس ماہ حکومت ہند نے اسے کلاسیکی زبان کا درجہ دیا ہے۔ اور اس طرح، آج کا موقع اور بھی خاص ہو جاتا ہے۔ پالی زبان کو کلاسیکی زبان کا یہ درجہ، شاستریہ بھاشا کا یہ  درجہ ، پالی زبان کا یہ احترام... بھگوان بدھ کی عظیم میراث کا احترام ہے۔ جیسا کہ آپ سب جانتے ہیں، ابھیدھم کی جڑیں دھم میں ہے۔ دھم اور اس کے بنیادی معنی کو سمجھنے کے لیے پالی زبان کا علم ضروری ہے۔ دھم کا مطلب ہے، بدھ کے پیغامات، بدھ کے اصول... دھم کا مطلب ہے، انسانی وجود سے متعلق سوالات کا حل... دھم کا مطلب ہے، کل  نو ع انسانی کے لیے امن کا راستہ... دھم کا مطلب ہے، بدھ کی ہمہ وقتی تعلیمات... ..اور، دھم کا مطلب ہے، پوری انسانیت کی فلاح کا غیر متزلزل یقین! پوری دنیا بھگوان بدھ کے دھم سے روشنی لے رہی ہے۔

 

لیکن ساتھیو،

بدقسمتی سے، پالی جیسی قدیم زبان، جس میں بھگوان بدھ کی اصل تقریر ہے، آج عام استعمال میں نہیں ہے۔ زبان صرف رابطے کا ذریعہ نہیں ہے! زبان تہذیب و تمدن کی روح  ہوتی ہے۔ ہر زبان کے اپنے بنیادی معنی اس سے جڑے ہوتے ہیں۔ لہذا، یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ پالی کو زندہ رکھیں تاکہ بھگوان بدھ کے الفاظ کو اس کی اصل روح کےساتھ  زندہ رکھا جاسکے۔ مجھے خوشی ہے کہ ہماری حکومت نے یہ ذمہ داری بڑی عاجزی کے ساتھ نبھائی ہے۔ یہ بھگوان بدھ کے کروڑوں پیروکاروں اور ان کے لاکھوں بھکشوؤں کی امیدوں کو پورا کرنے کی ہماری عاجزانہ کوشش ہے۔ میں بھی آپ سب کو اس اہم فیصلے کے لیے بہت بہت مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

محترم ساتھیو،

زبان، ادب، آرٹ، روحانیت... کسی بھی ملک کے لئے یہ ورثے اس کے وجود کا تعین کرتے ہیں۔ اسی لیے آپ دیکھتے ہیں کہ چند سو سال پرانی کوئی چیز دنیا کے کسی بھی ملک میں کہیں مل جائے تو وہ اسے پوری دنیا کے سامنے فخر سے پیش کرتا ہے۔ ہر قوم اپنے ورثے کو اپنی شناخت سے جوڑتی ہے۔ لیکن بدقسمتی سے ہندوستان اس سمت میں بہت پیچھے رہ گیا تھا۔ آزادی سے پہلے حملہ آور ہندوستان کے تشخص کو تباہ کرنے میں مصروف تھے اور آزادی کے بعد غلامانہ ذہنیت کا شکار لوگ... ہندوستان ایک ایسے  ایکو سسٹم کی گرفت میں تھا جس نے ہمیں مخالف سمت میں دھکیلنے کا کام کیا۔ مہاتما بدھ جو ہندوستان کی روح میں بستے ہیں... بدھ کی علامتیں جنہیں آزادی کے وقت ہندوستان کی علامتوں کے طور پر اپنایا گیا تھا... اسی بدھ کو بعد کی دہائیوں میں بھلا دیا گیا تھا۔ پالی زبان کو اس کا جائز مقام حاصل کرنے میں سات دہائیاں  ایسے ہی نہیں لگیں۔

 

لیکن ساتھیو،

ملک اب اس احساس کمتری سے آزاد ہوکر  عزت نفس، خود اعتمادی اوراپنی قدرو قیمت کے احساس کے  ساتھ آگے بڑھ رہا ہے، اسی کی وجہ سے ملک بڑے بڑے فیصلے لے رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج ایک طرف پالی زبان کو کلاسیکی زبان کا درجہ ملتا ہے تو وہیں مراٹھی زبان کو بھی وہی عزت ملتی ہے۔ اور دیکھیے یہ کیسا خوش قسمتی کا اتفاق ہے کہ اس کا تعلق بابا صاحب امبیڈکر سے بھی ہو جاتا ہے۔ ہمارے بابا صاحب امبیڈکر، بدھ مت کے عظیم پیروکار… ان کی دھما کی شروعات پالی میں ہوئی تھی، اور خود ان کی مادری زبان مراٹھی تھی۔ اسی طرح ہم نے بنگالی، آسامی اور پراکرت زبانوں کو بھی کلاسیکی زبانوں کا درجہ دیا ہے۔

ساتھیو،

ہندوستان کی یہ زبانیں ہمارے تنوع کو پروان چڑھاتی ہیں۔ ماضی میں ہماری ہر زبان نے قوم کی تعمیر میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ آج ملک کی جو نئی قومی تعلیمی پالیسی اپنائی گئی ہے وہ بھی ان زبانوں کے تحفظ کا ذریعہ بن رہی ہے۔ جب سے ملک کے نوجوانوں کو اپنی مادری زبان میں تعلیم حاصل کرنے کا اختیار ملا ہے، مادری زبانیں مضبوط ہوتی جا رہی ہیں۔

 

ساتھیو

اپنے عزائم کو پورا کرنے کے لیے ہم نے لال قلعہ سے ملک کے سامنے 'پنچ پران' کا وژن پیش کیا ہے۔ پنچ پران یعنی ایک ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر! غلامانہ ذہنیت سے آزادی! ملک کا اتحاد! فرائض کی انجام دہی،اور اپنے ورثے پر فخر! یہی وجہ ہے کہ آج ہندوستان تیز رفتار ترقی اور بھرپور ورثے کی دونوں عزائم  کو بیک وقت حاصل کرنے میں مصروف ہے۔ بھگوان بدھ سے جڑے ورثے کا تحفظ اس مہم کی ترجیح ہے۔ آپ دیکھتے ہیں، ہم ہندوستان اور نیپال میں بھگوان بدھ سے جڑے مقامات کو بدھ سرکٹ کے طور پر تیار کر رہے ہیں۔ کشی نگر میں بین الاقوامی ہوائی اڈہ بھی شروع کیا گیا ہے۔ لمبینی میں انڈیا انٹرنیشنل سنٹر فار بدھسٹ کلچر اینڈ ہیریٹیج تعمیر کیا جا رہا ہے۔ ہم نے لمبینی میں ہی بدھسٹ یونیورسٹی میں بدھسٹ اسٹڈیز کے لیے ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر چیئر بھی قائم کی ہے۔ بودھ گیا، شراوستی، کپل وستو، سانچی، ستنا اور ریوا جیسے کئی مقامات پر کئی ترقیاتی منصوبے چل رہے ہیں۔ تین دن بعد، 20 اکتوبر کو، میں وارانسی جا رہا ہوں... جہاں سارناتھ میں کئی ترقیاتی کاموں کا افتتاح بھی کیا جائے گا۔ ہم نئی تعمیرات کے ساتھ ساتھ اپنے ماضی کو بھی محفوظ کر رہے ہیں۔ پچھلے 10 سالوں میں، ہم دنیا کے مختلف ممالک سے 600 سے زیادہ قدیم ورثے، نوادرات اور آثار ہندوستان واپس لائے ہیں۔ اور ان میں سے بہت سے آثار بدھ مت سے متعلق ہیں۔ یعنی بدھ کی وراثت کی نشاۃ ثانیہ میں ہندوستان اپنی ثقافت اور تہذیب کو نئے سرے سے پیش کر رہا ہے۔

 

محترم ساتھیو،

بدھ میں ہندوستان کا عقیدہ نہ صرف اپنی بلکہ پوری انسانیت کی خدمت کا راستہ ہے۔ ہم اس مشن میں دنیا کے ممالک اور ان تمام لوگوں کو اکٹھا کر رہے ہیں جو بدھ کو جانتے اور مانتے ہیں۔ مجھے خوشی ہے کہ دنیا کے کئی ممالک میں اس سمت میں بامعنی کوششیں بھی ہو رہی ہیں۔ میانمار، سری لنکا، تھائی لینڈ سمیت کئی ممالک میں پالی زبان میں تفسیریں مرتب کی جا رہی ہیں۔ ہم ہندوستان میں بھی ایسی کوششیں تیز کر رہے ہیں۔ روایتی طریقوں کے ساتھ ساتھ، ہم آن لائن پلیٹ فارم، ڈیجیٹل آرکائیوز اور ایپس کے ذریعے پالی کو فروغ دینے کی طرف بھی بڑھ رہے ہیں۔ بھگوان بدھ کے بارے میں، میں نے پہلے بھی کہا ہے - "بدھ سمجھ بھی ہے، اور بدھ تحقیق بھی ہے"۔ لہذا، ہم بھگوان بدھ کو جاننے کے لیے اندرونی اور علمی تحقیق دونوں پر زور دے رہے ہیں۔ اور مجھے خوشی ہے کہ ہمارے سنگھ، ہمارے بودھ ادارے، ہمارے بھکشو نوجوانوں کی اس سمت میں رہنمائی کر رہے ہیں۔

محترم ساتھیو ،

21ویں صدی کے اس وقت…دنیا کی جغرافیائی سیاسی صورتحال…آج ایک بار پھر دنیا بہت سے عدم استحکام اور خدشات میں گھری ہوئی ہے۔ ایسے میں مہاتما بدھ نہ صرف موزوں ہیں بلکہ ناگزیر بھی بن چکے ہیں۔ میں نے ایک بار اقوام متحدہ میں کہا تھا کہ ہندوستان نے دنیا کو یودھ نہیں بلکہ بدھ دیا ہے۔ اور آج میں بڑے اعتماد کے ساتھ کہتا ہوں کہ پوری دنیا کو یودھ میں نہیں بلکہ صرف بدھ ہی میں حل ملے گا۔ آج، ابھیدھم کے موقع پر، میں پوری دنیا سے اپیل کرتا ہوں – بدھ سے سیکھو… یودھ کو ختم کرو… امن کی راہ ہموار کرو… کیونکہ، مہاتما بدھ کہتے ہیں –’’نتھی-سنتی-پرم-سکھم‘‘ یعنی امن سے بڑی خوشی کوئی نہیں۔ بھگوان بدھ کہتے ہیں-

 

"نہ ویرین ویرانی سمنتیدھ کداچنم

اورین چہ  سمنتی  ایس دھمو سننتتو‘‘

بیر  سے بیر، دشمنی سے دشمنی ،  ختم  نہیں ہوتی۔ بیر ابیر سے   ، انسانی ہمدردی سے ختم ہوتا ہے۔  مہاتما بدھ کہتے ہیں - "بھوتو-سبّ-منگلم"۔ یعنی سب کے لیے خوشحالی ہونی چاہیے، سب کے لیے فلاح ہونی چاہیے – یہ ہے بدھ کا پیغام، یہی انسانیت کا راستہ ہے۔

محترم ساتھیو،

2047 تک کے اس 25 سالہ دور کو امرت کال کی پہچان دی گئی ہے۔ امرت کال کا یہ وقت ہندوستان کے لیے خوشحالی کا وقت ہوگا۔ یہ ایک ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کا دور ہوگا۔ بھگوان بدھ کی تعلیمات اس روڈ میپ میں ہماری رہنمائی کریں گی جو ہندوستان نے اپنی ترقی کے لیے بنایا ہے۔ یہ صرف بدھ کی سرزمین پر ہی ممکن ہے کہ آج دنیا کی سب سے بڑی آبادی وسائل کے استعمال کے بارے میں باشعور ہے۔ آپ نے دیکھا کہ آج دنیا کو آب  و ہوا کی  تبدیلی کی صورت میں اتنے بڑے بحران کا سامنا ہے۔ ہندوستان نہ صرف خود ان چیلنجوں کا حل تلاش کر رہا ہے بلکہ انہیں دنیا کے ساتھ شیئر بھی کر رہا ہے۔ ہم نے دنیا کے بہت سے ممالک کو جوڑ کر مشن لائف شروع کیا ہے۔ بھگوان بدھ کہتے تھے - "اتّان میو پٹھمن // پتی روپے نویسائے"۔ یعنی کسی بھی نیکی کا آغاز ہمیں خود سے کرنا چاہیے۔ بدھ کی یہ تعلیم مشن لائف کے مرکز میں ہے۔ یعنی ایک پائیدار مستقبل کا راستہ ہر شخص کے پائیدار طرز زندگی سے نکلے گا۔

 

جب ہندوستان نے دنیا کو انٹرنیشنل سولر الائنس جیسا پلیٹ فارم دیا… جب ہندوستان نے جی-20 کی صدارت میں گلوبل بائیو فیول الائنس تشکیل دیا… جب ہندوستان نے ایک سورج، ایک دنیا، ایک گرڈ کا وژن دیا… تب  اس میں مہاتما بدھ کے خیالات کا عکس نظر آتا ہے۔ یہ ہماری ہر کوشش دنیا کے لیے ایک پائیدار مستقبل کو یقینی بنا رہی ہے۔ چاہے وہ انڈیا-مڈل ایسٹ-یورپ اکنامک کوریڈور ہو، ہمارا گرین ہائیڈروجن مشن ہو، ہندوستانی ریلوے کا اسے 2030 تک نیٹ زیرو کرنے کا ہدف ہو، پٹرول میں ایتھنول کی ملاوٹ کو 20 فیصد تک بڑھانا ہو... بہت سے طریقے ہیں جن سے ہم زمین کی حفاظت کے لیے اپنامضبوط ارادہ دکھا رہے ہیں ، جتا رہے ہیں۔

ساتھیو،

ہماری حکومت کے بہت سے فیصلے بدھ، دھم اور سنگھ سے متاثر ہیں۔ آج دنیا میں جہاں کہیں بھی کوئی بحران ہے، ہندوستان سب سے پہلے جواب دہندہ کے طور پر موجود رہتاہے۔ یہ مہاتما بدھ کے ہمدردی کے اصول کی توسیع ہے۔ ترکی میں زلزلہ ہو، سری لنکا میں معاشی بحران ہو یا کووڈ جیسی وبا کے حالات ہوں، ہندوستان نے آگے آ کر مدد کا ہاتھ بڑھایا ہے۔ وشوا بندھو کے طور پر ہندوستان سب کو ساتھ لے کر چل رہا ہے۔ آج، یوگا ہو یا موٹے اناج  سے متعلق مہم، آیوروید یا قدرتی کھیتی سے متعلق مہم، ایسی کوششوں کے پیچھے بھگوان بدھ کی  بھی تحریک ہے۔

 

محترم ساتھیو،

ترقی کی طرف گامزن ہندوستان بھی اپنی جڑیں مضبوط کر رہا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ ہندوستان کے نوجوان سائنس اور ٹیکنالوجی میں دنیا کی قیادت کریں۔ اور ہمارے نوجوانوں کو بھی اپنی ثقافت اور اپنی اقدار پر فخر کرنا چاہیے۔ ان کوششوں میں بدھ مت کی تعلیمات ہماری بڑی رہنما ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ ہمارے سنتوں اور بھکشوؤں کی رہنمائی اور بھگوان بدھ کی تعلیمات سے ہم سب مل کر مسلسل آگے بڑھیں گے۔

اس مبارک دن پر، میں ایک بار پھر آپ سب کو اس تقریب کے لیے نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔ اور پالی زبان کے ایک کلاسیکی زبان بننے کے فخر کے ساتھ ساتھ اس زبان کے تحفظ اور فروغ کے لیے بھی ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری بنتی ہے  ہم یہ عزم لے کر چلیں  اور اس کو پورا کرنے کی کوشش کریں،انہیں تواقعات  کے ساتھ  میں ایک بار پھر  آپ سب کا بہت بہت شکریہ ادا کرتا ہوں۔

نمو بدھائے!

 

Explore More
وزیراعظم نریندر مودی کا 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر لال قلعہ کی فصیل سے خطاب کا متن

Popular Speeches

وزیراعظم نریندر مودی کا 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر لال قلعہ کی فصیل سے خطاب کا متن
Indian professionals flagbearers in global technological adaptation: Report

Media Coverage

Indian professionals flagbearers in global technological adaptation: Report
NM on the go

Nm on the go

Always be the first to hear from the PM. Get the App Now!
...
Chief Minister of Madhya Pradesh meets Prime Minister
December 10, 2024